وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے، بلال اظہر کیانی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے، حکومت ملک بھر میں عوام کو سستا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی ہے اور کہیں بھی ایندھن کی قلت نہیں ہونے دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ فراہمی کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جبکہ ان کی ہدایت پر تیل کے ہر جہاز کی آمد اور سپلائی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق حکومت ریفائنریوں کی پیداوار، ایندھن کی دستیابی اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ کی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے کارگو کم سے کم ممکنہ قیمتوں پر حاصل کیے جائیں۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے فیول ریلیف پروگرام کے تحت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو ایندھن پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert