پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، سعودی ویزوں سے متعلق اہم اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، سعودی سفیر نے پاکستانی کارکنوں کے ویزوں کے اجرا میں ہر ممکن تعاون اور 24 گھنٹوں کے اندر ویزوں کی فراہمی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات، پاکستانی محنت کشوں کے مسائل اور سعودی عرب میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستانی کارکنوں کے ویزوں کے اجرا میں تمام ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی لیبر مارکیٹ کی جدید ضروریات کے مطابق پاکستانی افرادی قوت کو پیشگی تربیت دی جائے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستانی محنت کشوں کے مسائل کے فوری حل، ادارہ جاتی تعاون اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert