لورالائی: تین کمسن بچوں کی عدم بازیابی پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا شدید تشویش کا اظہار، فوری بحفاظت بازیابی اور انصاف کا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لورالائی میں تین کمسن بچوں کی تاحال عدم بازیابی، ضلعی انتظامیہ کی غفلت، بے حسی اور مسلسل خاموشی پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت، پولیس اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر مؤثر اور عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے تینوں لاپتہ بچوں کو بحفاظت بازیاب کرائیں اور ان کے غمزدہ خاندانوں کو انصاف فراہم کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 اکتوبر کو شام تقریباً 5 بجے کلی گرمئی سے 12 سالہ معصوم بچے وقاص خان زخپیل لاپتہ ہوئے، جبکہ اس سے چند ماہ قبل دو دیگر کمسن بچے روزالدین حمزازئی اور آصف دمڑ بھی لاپتہ ہو چکے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال تینوں بچوں کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی ان کی بحفاظت بازیابی ممکن ہو سکی ہے، جس کے باعث متاثرہ خاندان شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں۔ بچوں کی گمشدگی اور ان کی عدم بازیابی نے پورے علاقے میں خوف و ہراس اور تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معصوم بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے لورالائی شہر کے ارمان شہید چوک پر گزشتہ تین روز سے احتجاجی کیمپ اور دھرنا جاری ہے۔ اس سے قبل شہر میں ایک بڑی احتجاجی ریلی اور جلسۂ عام بھی منعقد کیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ متعدد ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں، لیکن افسوس کہ ان تمام احتجاجی اور جمہوری اقدامات کے باوجود تاحال کوئی ٹھوس اور عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سنگین انسانی مسئلے پر مؤثر اقدامات نہ کرنا اور متاثرہ خاندانوں کو تسلی بخش جواب نہ دینا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع لورالائی ان معصوم بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے جاری احتجاج میں روزِ اول سے مظاہرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پارٹی کے ضلعی سیکرٹری مصطفیٰ کمال کاکڑ، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری نعمت جلالزئی اور دیگر ساتھی احتجاجی کیمپ میں موجود ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا اظہار کر رہے ہیں۔ پارٹی اپنے عوام کے بنیادی انسانی حقوق، جان و مال کے تحفظ اور انصاف کے حصول کی جدوجہد کو اپنی قومی و سیاسی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس اہم انسانی مسئلے پر کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کرے گی۔
بیان میں صوبائی پارٹی سمیت تمام ضلعی، علاقائی اور ابتدائی تنظیموں اور کارکنوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مظاہرین کے جائز مطالبے کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ تینوں لاپتہ بچوں کی بحفاظت بازیابی تک جاری احتجاجی تحریک میں مظاہرین کا ساتھ دیا جائے گا اور پارٹی ہر مرحلے پر متاثرہ خاندانوں اور احتجاجی مظاہرین کے ساتھ موجود رہے گی۔
بیان میں حکومت، پولیس کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس سنگین انسانی مسئلے کو مزید نظرانداز کرنے کے بجائے فوری طور پر سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائیں، تینوں لاپتہ بچوں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں، واقعے کی شفاف اور مؤثر تحقیقات کریں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کریں۔ معصوم بچوں کی بحفاظت بازیابی صرف ان کے خاندانوں کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مشترکہ انسانی مسئلہ ہے، لہٰذا حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بچوں کی جلد از جلد بازیابی یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert