ملک اور پشتونخوا وطن کی موجودہ صورتحال میں 2دسمبر کا جلسہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، پشتونخوامیپ
ڈیورنڈ خط کے تمام تجارتی راستوں کو بند کرکے روزگار کے مواقع چھیننے کا اقدام اور سرعام منشیات کے کارخانوں کا فروغ دراصل ہمارے نوجوانوں کو بدامنی، جرائم کی طرف دھکیلنا ہے، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،سردار حیات میرزئی،

کارکن جلسہ عام کی تیاری کرے، 22نومبر کو تحصیل صدر کانفرس منعقد ہوگا،تمام علاقائی یونٹس اپنے اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں،گل خلجی، اقبال بٹےء زئی، نعیم پیر علیزئی کا صدر تحصیل کمیٹی اجلاس سے خطاب
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل صدر کمیٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے پارٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،صوبائی ثقافت سیکرٹری سردار حیات میرزئی، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اقبال بٹے زئی اور تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے خطاب کیا۔ اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی نے سرانجام دی۔ اجلاس میں صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ،ضلع معاونین وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے جلسہ عام منعقد بروز بدھ 2دسمبر 2026 کی تیاریوں کا جائزہ، 22نومبر کو تحصیل صدر کے کانفرنس کے انعقاد اور تنظیمی سیاسی سرگرمیوں کی فعالیت کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آئینی،سیاسی، جمہوری،معاشی، معاشرتی بحرانوں،سیاسی عدم استحکام اور پشتونخو اوطن میں جاری سرکاری پراکسیز، بدامنی، وسائل کی لوٹ مار، قبضہ گیری، عوام کی زمینوں، معدنیات پر قبضہ کرنے، جنگلات کے انتقالات، مائنز ومنرل ایکٹ کے سیاہ قانون کے تحت غیر قانونی اقدامات کو قانونی قرار دینے کی روش سے صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور ایسے حالات میں 2دسمبر کوخان شہید کی 53ویں برسی کا جلسہ عام کوئٹہ شہر میں منایا جارہا ہے جوانتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبے اور بالخصوص پشتون اضلاع میں شاہراہوں پر مسلح لوگوں کا راج قائم ہوتا جارہا ہے، لاقانونیت، بدامنی، چوری، ڈکیتی، اغواء کاری، بھتہ خوری کی صورتحال اس نہج تک پہنچ چکی ہے کہ شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ اور یہ سب کچھ حکومت کی آشرباد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ ایک مخلوط حکومت کا حصہ تھی لیکن صوبے اور بالخوص جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں امن، شاہراہیں، مسافر، ٹرانسپورٹرز اور تمام عوام دن رات سفر کے لیے محفوظ تھے۔ کاروبار، روزگار، بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر، تعلیم اورصحت، آبنوشی، زراعت کے شعبوں کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیئے گئے تھے۔ لیکن آج تمام عوامی خدمت کے اداروں کو کرپشن، کمیشن، پرسنٹ کے ذریعے کوکھلا کردیا گیا، ادارے مفلوج ہوچکے ہیں، کسی سویلین آفیسر کی کوئی رٹ نہیں رہی بلکہ تمام نظام غیر جمہوری طرز عمل پر چلایا جارہا ہے جس کی پشتونخواملی عوامی پارٹی نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ اس کی نشاندہی بہت پہلے ہی پارٹی کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری 2024کے الیکشن کو جس طرح سلیکشن میں تبدیل کیا گیا یہ واضح ہوچکا تھا کہ ان فارم47کے نمائندوں کے ذریعے صوبے میں تباہی، بربادی لائی جائے گی اور عوام کو بدترین مسائل ومشکلات سے دوچار کیا جائے گا۔ آج حکومت بجلی، گیس،پینے کے صا ف پانی، روزگار، تعلیم، صحت کی سہولیات فراہم نہیں کرپارہی ہے۔ بیروزگاری میں سخت ترین اضافہ ہوچکا ہے،پشتونوں کے واحد ذریعے معاش باڈر ٹریڈ پر قدغنیں لگاکر ڈیورنڈ خط کے تمام تجارتی راستوں کو بند کردیا گیااورہمارے عوام کو فاقوں پر مجبور کیاگیا۔ روزگار کے مواقع چھیننے کا اقدام اور سرعام منشیات کے کارخانوں کا فروغ دراصل ہمارے نوجوانوں کو بدامنی، جرائم کی طرف دھکیلنا ہے اور اس کی روک تھام کے لیے پارٹی کے ہر کارکن اور تمام سیاسی جمہوری کارکنوں اور باشعور وطن دوست عوام نے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ 2دسمبر کو جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے وطن دوستی، قوم دوستی اور جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔ #
