کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ، 300 روپے فی کلو تک فروخت

کراچی(قدرت روزنامہ) ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد 300 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اور بے پناہ اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جس کے بعد عام شہریوں کے لیے روزمرہ کی کھانا پکانا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

انتظامیہ کا سرکاری پرائس کنٹرول سسٹم مکمل طور پر بے اثر نظر آ رہا ہے، سرکاری ریٹ لسٹ میں درجہ اول کے ٹماٹر کی قیمت 242 روپے اور درجہ دوئم کی 184 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ من پسند ریٹ وصول کرتے ہوئے شہر کے بیشتر بازاروں میں ٹماٹر 300 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سے جاری مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو شدید دباؤ میں ڈالا ہوا تھا، اور اب ٹماٹر کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے باورچی خانے کے اخراجات کو سنبھالنا ناممکن بنا دیا ہے۔

دکانداروں اور سبزی فروشوں کا بھی کہنا ہے کہ منڈیوں میں سپلائی اور رسد میں شدید کمی کی وجہ سے انہیں پیچھے سے ہی مہنگے داموں مال مل رہا ہے، جس کے باعث وہ زیادہ قیمت پر بیچنے پر مجبور ہیں۔

کراچی کے شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ منافع خور کھلے عام عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert