پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، وزیراعظم

فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ویژن کو ملکی معاشی ویژن کا حصہ بنانے میں کلیدی کردار ہے، 2050ء میں پاکستان دنیا کی 6 بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا؛ شہباز شریف کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نئے عزم، اعتماد اور استحکام کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ویژن کو ملکی معاشی ویژن کا حصہ بنانے میں کلیدی کردار ہے، گولڈ مین ساچس کی پیش گوئی ہے کہ پاکستان 2075ء تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بنے گا، یہ ہدف انشاء اللہ 2050 سے بھی بہت پہلے حاصل کر لیا جائے گا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب کے دوران عالمی مالیاتی ادارے گولڈ مین ساچس کی اس تشخیص کا ذکر کیا جس کے مطابق 2075ء تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن جائے گا، انہوں نے ادارے کے چیئرمین جان تھورنٹن اور باراک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان پر اپنا اعتماد برقرار رکھا، تاہم وزیراعظم نے اس میں ایک ترمیم کرتے ہوئے کہا کہ 2075ء کے بجائے انشاء اللہ یہ ہدف 2050ء سے بھی پہلے حاصل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود پاکستانی قوم اور قیادت نے کبھی ہار نہیں مانی اور یہی مستقل مزاجی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک انتہائی کٹھن سفر اور دشوار گزار وقت ہے، بعض اوقات راستے میں ایسا ہوتا ہے کہ آپ مسکرانا چاہتے ہیں لیکن آپ کو آہ بھرنا پڑتی ہے، صحت کی کمزوری بھی انسان کو آزمائش میں ڈالتی ہے لیکن یہ وہ انتہائی نازک موڈ ہوتا ہے جب آپ کو تھوڑا آرام تو ضرور کرنا چاہیے مگر کبھی ہار نہیں ماننی چاہیئے اور کام نہیں چھوڑنا چاہیے، یہی ہمارا بنیادی فلسفہ ہے اور یہی جذبہ پاکستان کو اقوامِ عالم کی صف میں ایک عظیم ملک بنائے گا۔
وزیراعظم نے تقریب میں شریک بین الاقوامی شخصیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر فرائی لینڈ نے اپنی پوری زندگی ایسے عظیم ذخائر کی تلاش میں صرف کردی جہاں دوسرے لوگوں کو صرف ویران زمین نظر آتی تھی، اس کے علاوہ پاک چین دوستی کی لازوال مثال سے بہتر کون جان سکتا ہے، پاکستان اپنے تمام بیرونی شراکت داروں کے ساتھ مل کر طویل مدتی اور پائیدار معاشی شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
معدنی پالیسی کے حوالے سے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے شہباز شریف نے واضح کیا کہ ہم یہ ہرگز نہیں چاہتے کہ صرف خام مال کی شکل میں معدنیات نکالی جائیں اور انہیں بیرونِ ملک اسمگل یا برآمد کردیا جائے، ہم یہ چاہتے ہیں کہ ریکوڈک اور تیتھیئن بیلٹ کے ساتھ جڑے ہر پراجیکٹ میں جدید ریفائنریز، اسمیلٹرز، کیبل اور کنڈکٹر فیکٹریاں قائم کی جائیں، ایسی صنعتیں جو پاکستان کو براہِ راست باقی ماندہ دنیا کے ساتھ جوڑ سکیں۔
انہوں نے ملکی صنعتی و معدنی ترقی کا روڈ میپ دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا کہ، پاکستان ہی میں کان کنی کریں، پاکستان ہی میں اس کی پروسیسنگ کریں، پاکستان ہی میں مینوفیکچرنگ کریں اور پھر تیار شدہ مال پوری دنیا کو برآمد کریں، اس پالیسی سے نا صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ویلیو ایڈیشن کی بدولت ملک کو اربوں ڈالر کا زرِ مبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert