اغواوو قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت اور10لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم

اوتھل (قدرت روزنامہ)لسبیلہ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں اغواء و قتل کے سنگین مقدمے کا تاریخی فیصلہ، مجرم اللہ بخش کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ 13 نومبر 2026کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ بمقام اوتھل کی عدالت نے پولیس تھانہ بیلہ میں درج اغواء و قتل کے مقدمہ نمبر 11/2025 بجرم دفعات 379، 365 اور 302 ت پ کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم اللہ بخش ولد مولا بخش سکنہ آچوانی گوٹھ بیلہ کو سزائے موت (پھانسی) اور مبلغ دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔واضح رہے کہ مجرم اللہ بخش نے فروری 2025 میں عظیم خان رونجھو کو اغواء کرنے کے بعد پہلے کلہاڑی کے وار کرکے زخمی کیا اور بعد ازاں فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے دوران انتھک کوششوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتول کی کئی روز پرانی نعش ایک ویران کنویں سے برآمد کی تھی۔ اس انتہائی سنگین اور پیچیدہ مقدمہ کی تفتیش لسبیلہ پولیس کے سینئر آفیسران انسپکٹر نصراللہ رونجھو اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اکبر موسیٰ نے عمل میں لائی جبکہ عدالت میں مقدمے کی مؤثر پیروی اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد اعجاز مینگل، سب انسپکٹر محمد عثمان شیخ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر مجاہد علی، ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی اور کانسٹیبل قاضی عبدالغفور نے کی۔مقدمہ کی نوعیت اور پیچیدگی کے پیش نظر لسبیلہ پولیس کے تفتیشی آفیسران نے جدید تفتیشی طریقہ کار، پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کرکے ٹھوس شواہد عدالت میں پیش کیے۔مؤثر تفتیش اور کامیاب پیروی کے نتیجے میں عدالت نے ملزم کو جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم سنایا۔اس موقع پر ایس ایس پی لسبیلہ نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ ملزمان خواہ کتنے ہی بااثر، عیار اور شاطر کیوں نہ ہوں، لسبیلہ پولیس انہیں قانون کی گرفت میں لا کر انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی لسبیلہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں ایس ایس پی لسبیلہ نے اس اہم مقدمے کی کامیاب تفتیش اور مؤثر عدالتی پیروی پر متعلقہ تفتیشی آفیسران اور پراسیکیوشن اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔
