ملاوٹ مافیا اور ناقص صفائی کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن، کوئٹہ میں بیکنگ یونٹ سیل، درجنوں مراکز پر بھاری جرمانے

میکانگی، سمنگلی اور اسپنی روڈ پر پیزا پوائنٹس و بیکریوں کیخلاف کارروائی، ژوب میں پانی ملا دودھ اور صحبت پور میں زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنیوالوں کی شامت آ گئی: ترجمان بی ایف اے


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ مختلف اضلاع میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بیکنگ یونٹس، بیکریز، پیزا پوائنٹس، کریانہ اسٹورز، ہول سیلرز اور دیگر غذائی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران انتہائی ناقص صفائی، غیر مناسب اسٹوریج، مصنوعات پر تیاری اور میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے اور حشرات کی روک تھام کے ناقص انتظامات سمیت متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
اسی طرح سمنگلی روڈ اور اسپنی روڈ پر قائم پیزا پوائنٹس، بیکنگ یونٹس اور بیکریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ مذکورہ مراکز میں ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت کے اصولوں سے عدم مطابقت، زنگ آلود ریفریجریٹرز، کھلے کوڑے دان، مضرِ صحت کھلے کوکنگ آئل کا استعمال اور خوراک کی تیاری و ذخیرہ کاری میں غیر مناسب انتظامات پائے گئے۔ علاوہ ازیں ژوب میں نیو آبادی اور جیل روڈ پر خصوصی طور پر دودھ کے معیار کی جانچ پڑتال کی گئی، جہاں 30 ملک شاپس سے حاصل کردہ نمونوں کی موقع پر جانچ کے دوران ایک دکان پر دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ زائد المیعاد جوسز اور کولڈ ڈرنکس کی فروخت اور ناقص صفائی پر ایک دیگر دکان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر فوڈ بزنس آپریٹرز میں لائسنس فارم تقسیم کرتے ہوئے انہیں تمام قانونی تقاضے فوری پورے کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
مزید برآں صحبت پور میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار کرنے والے بیکریوں، کنفیکشنری ہول سیلرز اور کریانہ اسٹورز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ معائنے کے دوران زائد المیعاد چپس، بسکٹ اور نمکو کی موجودگی، مٹھائیوں پر مکھیوں کی روک تھام کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی میں کوتاہی اور مصنوعات پر تیاری و میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے پر متعلقہ مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، ملاوٹ کی روک تھام، زائد المیعاد اشیاء کی فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی شکایات پر خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert