کیسکو کی خالی نشستوں میں صوبے کے صرف دو پشتون اضلاع کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ جنوبی پشتونخوا کے بیشتر اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی جانب سے فیڈرل ایمپلائمنٹ فیسلیٹیشن سیل کے تحت مشتہر کردہ 2800 آسامیوں کی تقسیم میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کرنے پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان آسامیوں کی تقسیم میں صوبے کے تقریباً 16 اضلاع میں سے صرف دو پشتون اضلاع کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ جنوبی پشتونخوا کے بیشتر اضلاع کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف ناانصافی بلکہ پشتونخوا وطن کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کا واضح ثبوت ہے۔ پریس ریلیز میں وفاقی حکومت، وزارتِ توانائی اور کیسکو کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلیٹیشن سیل کے تحت مشتہر کردہ تمام 2800 آسامیوں کی موجودہ تقسیم، انٹرویوز اور بھرتیوں کے دیگر مراحل کو فوری طور پر روک دیا جائے، تمام اضلاع کی آبادی، ضروریات اور جائز حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور منصفانہ بنیادوں پر نئی تقسیم کی جائے، جنوبی پشتونخوا کے تمام متعلقہ اضلاع کو مناسب نمائندگی دی جائے اور بھرتیوں کا عمل ازسرِنو مشتہر کیا جائے، تاکہ اس خطے کے بے روزگار نوجوانوں کو بھی میرٹ اور مساوی مواقع کی بنیاد پر روزگار کے حصول کا حق مل سکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا پہلے ہی شدید معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کا شکار ہے، جہاں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود ملازمتوں سے محروم ہیں۔ سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے محدود مواقع، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا فقدان اور ترقیاتی منصوبوں میں مسلسل نظراندازی نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے مزید تنگ کر دیے ہیں۔ ایسے حالات میں وفاقی اداروں کی جانب سے مشتہر کردہ آسامیوں میں بھی جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو مناسب نمائندگی نہ دینا نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے اور اس سے بے روزگاری، غربت اور احساسِ محرومی میں مزید اضافہ ہوگا۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ جنوبی پشتونخوا کو ہر شعبے میں مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزارتِ توانائی اور کیسکو نے ایک بار پھر 2800 آسامیوں کی تقسیم میں پشتون اضلاع کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا ہے اور محض چند نشستیں مختص کرکے اس وسیع علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود کر دیے ہیں۔ اس طرح کی غیرمنصفانہ تقسیم سے نہ صرف احساسِ محرومی میں اضافہ ہوگا بلکہ وفاقی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی متاثر ہوگا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے ساتھ یہ امتیازی رویہ کسی ایک ادارے یا منصوبے تک محدود نہیں بلکہ اس کی واضح مثال بلوچستان رائز پروجیکٹ منصوبے کے تحت مختص 17 ارب روپے میں ایک بھی پشتون ضلع کو شامل نہ کرنا ہے۔ اسی طرح صوبائی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں بھی جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کو ان کے جائز حصے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اب کیسکو کی جانب سے بھرتیوں کے عمل میں بھی اسی غیرمنصفانہ پالیسی کو دہرایا جا رہا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے عوام اور نوجوانوں کے معاشی، معاشرتی اور بنیادی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اگر وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں نے اس ناانصافی کا فوری ازالہ نہ کیا تو پارٹی اس کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور اپنے عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ہر دروازہ کھٹکھٹائے گی۔

WhatsApp
Get Alert