عمران خان کو اپنی خیبرپختونخوا حکومت گرنے کا نہ کوئی غم ہے نہ کوئی فکر ہے، عزاز سید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی اعزاز سید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور عمران خان کے قریبی حلقوں کے نزدیک خیبر پختونخوا حکومت کا خاتمہ کوئی بڑا نقصان نہیں بلکہ پارٹی کے لیے ایک طرح سے بوجھ ختم ہونے کے مترادف ہے، کیونکہ پی ٹی آئی ایک بار پھر خود کو سیاسی طور پر مظلوم اور وکٹم ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اعزاز سید کا کہنا تھا کہ ”پاکستان تحریک انصاف کی جارحانہ حکمت عملی 9 مئی کے بعد ہی ثابت ہوگئی تھی کہ وہ ان کے حق میں نہیں گئی۔ انہوں نے کہا کہ ”اس بار خیبر پختونخوا حکومت کو گرا دیا گیا اور گورنر راج لگا دیا گیا، لیکن یہ بات بھی یاد رکھی جائے کہ عمران خان کو اپنی خیبر پختونخوا حکومت گرنے کا نہ کوئی غم ہے نہ کوئی فکر، بلکہ ان کے لیے اور ان کی پارٹی کے پیروکاروں کے لیے خیبر پختونخوا حکومت ایک دردِ سر بن چکی تھی، ایک بوجھ بن چکی تھی۔
اعزاز سید کے مطابق ”اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے علی امین گنڈاپور تھے اور تحریک انصاف انہیں ریموٹ کنٹرول نہیں کر پا رہی تھی، اور جب سہیل آفریدی کو لایا گیا تو وہ علی امین گنڈاپور کی طرح پرفارمنس نہیں دے پا رہے تھے۔ یہ ان کے لیے ایک دردِ سر تھا اور وہ دردِ سر انہوں نے نکال دیا۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ”ہمیں لگ رہا ہے کہ شاید پارٹی کا نقصان ہو گیا، لیکن پاکستان تحریک انصاف کی اپنی قیادت اور عمران خان کے نہایت قریبی لوگ بھی یہ کہتے ہیں کہ یہ بات عمران خان صاحب اور پارٹی کی قیادت کے لیے کوئی اہمیت ہی نہیں رکھتی کہ خیبر پختونخوا حکومت گر گئی، بلکہ وہ تو اس بات سے خوش ہیں کہ ان کی پارٹی ایک بار پھر سے وکٹم ثابت ہو گئی اور عوام کی نظر میں سرخرو ہو گئی۔
“
سینئر صحافی نے مزید کہا کہ ”ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس فیصلے کے متعلق جو سوچ ہماری ہے، ضروری نہیں کہ وہ پارٹی کی بھی ہو۔“
پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعزاز سید نے کہا کہ ”پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس کے دو ماڈلز پائے جاتے ہیں۔ ایک وہ جو ریسنٹ پاسٹ کا ہے، جب 2002 کے الیکشن کے بعد پارلیمنٹ کے اندر پاکستان مسلم لیگ ن زیرِ عتاب تھی اور انہوں نے لیڈر آف اپوزیشن چوہدری نثار خان کو رکھا۔
“
انہوں نے کہا کہ ”شروع میں انہوں نے جاوید ہاشمی کو بھی رکھا، جو بعد میں گرفتار ہوگئے، اور بعد میں سارا کچھ چوہدری نثار کنٹرول کر رہے تھے اور وہ میک بریک کے بانی تھے۔“
اعزاز سید کا کہنا تھا کہ ”ابھی صورتحال یہ ہوئی کہ جو پاکستان تحریک انصاف کا چوہدری نثار علی خان ہے، وہ شاہ محمود قریشی تھا، اور پاکستان تحریک انصاف کی بدقسمتی یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری نثار علی خان کو بھی اندر رکھا ہوا ہے۔
“
شاہ محمود قریشی کی سیاسی واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ”بیرسٹر گوہر خان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد لگ یہ رہا ہے کہ ان کے لیے راستہ صاف کیا جا رہا ہے، کیونکہ آگے مارچ میں سینیٹ کے انتخابات آ رہے ہیں۔ ان کے لیے راستہ صاف کیا جا رہا ہے کہ وہ باہر آئیں اور سینیٹ کا انتخاب لڑیں، سینیٹ میں پارٹی کو لیڈ کریں اور پارٹی کے اہم فیصلے کریں۔
“
سسٹم ری سیٹ اور صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی احمد خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اعزاز سید نے کہا کہ احمد خان صاحب کا بیک گراؤنڈ محسن نقوی سے ملتا جلتا ہے۔ محسن نقوی آج جن کے قریب سمجھے جاتے ہیں، احمد خان بھی اسی طرح کل کسی کے قریب سمجھے جاتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ” لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کیا ہم آئین کو فالو کر رہے ہیں؟ آئین میں تو واضح لکھا ہے کہ اگر کسی چیز پر ابہام ہو تو ریفرنڈم کروانا چاہیے، اور ہر صوبے کی تقسیم کا فیصلہ اس کی اپنی عوام کو کرنا چاہیے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھ کر نہیں کیا جا سکتا۔
