’درِ نجات‘ کے ’ابوبکر‘ کی بھارت میں بے پناہ مقبولیت، لوگ کیا کہہ رہے ہیں؟

لاہور(قدرت روزنامہ)اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کے ابوبکر کی بھارت میں مقبولیت کی وجہ سامنے آگئی۔
ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کے ’ابوبکر‘ بھارت کے گھروں اور گروپس چیٹس میں سب سے زیادہ زیر بحث ہیں، اگست میں نشر ہونے والا یہ ڈرامہ بھارت اور بنگلا دیش میں ایک مقبول ترین رجحان بن چکا ہے۔
بھارتی خواتین کا کہنا ہے کہ ابو بکر نے ان کے لیے ’معیارات کو اس حد تک بلند کر دیا ہے کہ اب کسی اور کا ان تک پہنچنا ناممکن لگتا ہے‘ اور وہ یہ سوال بھی کر رہی ہیں کہ انہیں حقیقی زندگی میں ایسا ’مثالی ساتھی‘ کب دیکھنے کو ملے گا۔
عمیرہ احمد کی تحریر کردہ اس کہانی کی ہدایت کاری کے فرائض ثاقب خان نے انجام دیے ہیں۔
کہانی ’زریاب‘ (درِ فشاں سلیم) کے گرد گھومتی ہے جو ایک باہمت اور پرعزم لڑکی ہے لیکن اپنے بچپن کے دوست ’زامل‘ (نمیر نواز خان) کی جانب سے دھوکا ملنے پر شدید دل شکستہ ہو جاتی ہے ایسے میں ’ابو بکر‘ (شہریار منور) کی ان کی زندگی میں آمد ہوتی ہے۔ وہ ایک صابر اور اصول پسند انسان ہیں جو بظاہر اپنی والدہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے زریاب سے شادی کرتے ہیں لیکن بعد ازاں اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی دیکھ بھال اور توجہ سے زریاب کے زخمی دل کو سکون پہنچاتے ہیں۔
جو ڈرامہ محض ایک عام پاکستانی سیریل کے طور پر شروع ہوا تھا وہ جلد ہی سرحد پار کر گیا اور انسٹاگرام پر ’درِ نجات‘ کے کلپس کی بھرمار ہو گئی، لوگ اسے اکٹھے بیٹھ کر دیکھنے لگے اور نومبر کے وسط تک ہر نئی قسط نشر ہونے کے ہفتوں بعد بھی اس پر بحث جاری رہی۔
ڈرامے کی کامیابی کا راز کوئی روایتی ’عظیم محبت کی داستان‘ نہیں ہے بلکہ اس کا اصل سبب وہ انداز ہے جس سے ابو بکر، زریاب کے ’پینک اٹیک‘ کے دوران اس کا ہاتھ تھام لیتے ہیں بغیر کسی غیر ضروری سوال و جواب کے۔ یہ وہ انداز ہے جس میں وہ زریاب کے ماضی کے اعتراف پر اسے پرکھنے یا تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے، پرسکون لہجے میں اسے یقین دلاتے ہیں کہ خدا کے ساتھ اس کا تعلق صرف اسی کا ذاتی معاملہ ہے جس میں کسی اور کو دخل دینے کا حق نہیں ہے۔
جب زریاب غصے میں ان سے تلخ کلامی کرتی ہے تو وہ پلٹ کر کوئی سخت جواب نہیں دیتے۔
’انڈین ایکسپریس‘ نے اس ردعمل کو بہت خوبصورتی سے بیان کیا ہے کہ خواتین اس لیے دیوانی نہیں ہو رہیں کہ وہ (ابو بکر) ایک ’کامل‘ انسان ہیں بلکہ وہ اس ’جذباتی تحفظ‘ کی طرف متوجہ ہو رہی ہیں جسے حاصل کرنے کے لیے انہیں کوئی جدوجہد یا امتحان نہیں دینا پڑتا۔ میڈیا کی دنیا میں جہاں آج بھی اکثر ہیروز ’حد سے زیادہ ملکیت جتانے والے‘ یا ’جلد غصے میں آنے والے‘ دکھائے جاتے ہیں، وہاں ابو بکر کا کردار ایک غیر متوقع اور خوشگوار موڑ کی طرح سامنے آتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابوبکر، رنبیر کپور کی فلم ‘اینیمل’ اور شاہد کپور کی فلم ‘کبیر سنگھ’ کے مرکزی کرداروں کی جانب سے پھیلائے گئے زہر کے لیے تریاق کا کام کر رہے ہیں۔
لوگ انہیں بھارت اور بنگلہ دیش کے ٹی وی پر نظر آنے والا اب تک کا سب سے بہترین اور مثبت کردار (‘گرین فلیگ’) قرار دے رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک وائرل موازنے میں ابوبکر کو فلم ‘ہم دل دے چکے صنم’ میں اجے دیوگن کے کردار ‘ونراج’ سے ملانے کی کوشش کی گئی تاہم دیگر صارفین نے اس کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ ابوبکر کہیں زیادہ خوبرو اور دلکش ہیں۔
زریاب کے سابق ساتھی ‘زامل’ کے مقابلے میں ابوبکر کی کشش اور بھی نمایاں ہو جاتی ہے جہاں ایک شخص مذہب کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے وہیں دوسرا شخص مذہب کی بدولت زیادہ مہربان اور نرم دل بن جاتا ہے۔
