انڈر 19 ایشیاء کپ فائنل؛ پاکستان نے بھارت کو 338 رنز کا ہدف دے دیا
عثمان خان کی شاندار سنچری، عبدالقادر کے 80 رنز، پاکستان نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے

مسقط(قدرت روزنامہ)انڈر 19 ایشیاء کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کی نوجوان ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں حریف ٹیم کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دے دیا، عثمان خان کی شاندار سنچری اور عبدالقادر کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اس اننگز کی نمایاں خصوصیت رہی۔
عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلے جا رہے انڈر 19 ایشیا کپ کے اس بڑے فائنل میں قومی ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کی 11 رکنی فائنل الیون میں کپتان فرحان یوسف کے علاوہ عثمان خان، حیام خان، عبدالقادر، احمد حسین، حسنین عباس، وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور علی رضا شامل ہیں۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی اوپنرز اور مڈل آرڈر نے بھارتی بولرز پر دباؤ برقرار رکھا، عبدالقادر اور عثمان خان کی جوڑی بھارتی بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی، جنہوں نے حریف بولرز کی لائن اور لینتھ مکمل طور پر بگاڑ دی، دونوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، عبدالقادر نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 54 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے۔
عبدالقادر کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی عثمان خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ جاری رکھا اور میدان کے چاروں طرف عمدہ شارٹس کھیلے، عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 111 گیندوں پر 107 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز بنائے، جس کی بدولت قومی ٹیم ایک بڑے اور مستحکم مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی اور پاکستان نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔
واضح رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم اس پورے ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست چلی آ رہی ہے، اور گروپ مرحلے کے میچ میں بھی پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی، شائقینِ کرکٹ کو فائنل میں بھی ایک دلچسپ مقابلے کی توقع ہے جہاں گرین شرٹس اپنے اس روایتی حریف کے خلاف دفاعی صلاحیتوں کا امتحان لیں گے۔
