بانی پی ٹی آئی نے قانونی ٹیم کو کیا ہدایت دی؟ طارق فضل چوہدری کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی نے اپنی قانونی ٹیم کو تاخیری حربے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں ٹرائل کورٹ نے تمام تر شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا تھا اور اس مقدمے میں سزا برقرار رہنے کے قوی امکانات ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی قانونی ٹیم کو میرٹ پر دلائل دینے کے بجائے تاخیری حربے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور ان کی قانونی ٹیم اب ایک “ڈرامہ ٹیم” بن چکی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خطوط بھی عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی ایک کوشش تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے عدالتوں سے این آر او لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم کیس کا فیصلہ صرف میرٹ کے مطابق ہی ہوگا۔

وفاقی وزیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے، کبھی پسندیدہ خوراک اور کبھی پسندیدہ ڈاکٹر نہ ملنے کے بہانے بنائے جاتے ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے سیل سے سانپ نکلنے جیسے مضحکہ خیز الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل کا کہنا تھا کہ یہ تمام الزامات اور جھوٹا بیانیہ عدالتی عمل پر دباؤ ڈالنے کے لیے بنایا جا رہا ہے، لیکن یہ ہتھکنڈے کارگر ثابت نہیں ہوں گے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو مشورہ دیا کہ وہ مقدمے کو لٹکانے کے بجائے عدالت میں ٹھوس قانونی نکات اور میرٹ پر بحث کریں۔

WhatsApp
Get Alert