’اندازہ نہیں تھا یہ دو نمبری میں استاد نکلیں گے‘ خواجہ آصف کی بلاول پر نام لیے بغیر کڑی تنقید

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر ان کے متضاد بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیال تھا نئی نسل ہماری نسل سے بہتر اور اصول پرست ہو گی، لیکن اندازہ نہیں تھا کہ یہ ’دو نمبری میں استاد نکلیں گے اور کمال کے رنگ بدلیں گے‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی ہی کے رہنما ندیم افضل چن کے مشہور پنجابی جملے کا سہارا لیتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’مختیاریا اے تے گل ودھ گئی اے‘۔

جس سوشل میڈیا پوسٹ پر وزیر دفاع نے یہ تبصرہ کیا، اس میں بلاول بھٹو زرداری کے 2 مختلف ویڈیو کلپس شامل ہیں جو بظاہر ان کے مؤقف میں تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔

پہلے ویڈیو کلپ میں بلاول بھٹو زرداری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ ان کا لیڈر رو رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ’مجھے نکالو، مجھے نکالو‘۔ اس کلپ میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا تھا کہ یہ کوئی تحریکِ آزادی نہیں بلکہ لیڈر کا رونا دھونا ہے جسے بند کرنا ہے۔

تاہم، پوسٹ میں شامل دوسرے ویڈیو کلپ میں بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف مختلف دکھائی دیتا ہے، جس میں وہ عمران خان کو ’سیاسی قیدی‘ قرار دے رہے ہیں۔ اس کلپ میں بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو درپیش مشکلات کی وجوہات سیاسی ہیں اور وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں کہ کوئی شخص اس ملک کا وزیراعظم بنے تو اسے جیل نہ جانا پڑے، کیونکہ یہاں جو بھی وزیراعظم بنتا ہے، اسے جیل جانا پڑتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert