’اپنے بچوں کو سختی سے اس گیم سے دور رکھیں‘، جی ٹی اے 6 میں تشدد، جرائم اور جنسی مناظر پر بعض صارفین کی تنقید

نیویارک(قدرت روزنامہ)گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) 6 کی ریلیز کے بعد جہاں دنیا بھر کے گیمرز نے اس گیم کو خوب پسند کیا ہے، وہیں بعض صارفین کی جانب سے اس پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ناقدین نے گیم میں تشدد، جرائم اور فحش و جنسی مناظر کی عکاسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کا مواد بچوں اور نوعمر افراد پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

بھارتی یوٹیوبر اور ایکٹوسٹ دھروو راٹھی نے ایک صارف کی ’ایکس‘ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ والدین اپنے بچوں کو جی ٹی اے 6 گیم سے سختی سے دور رکھیں۔

ان کے بقول اس گیم میں تشدد اور سفاکیت کی جس حد تک عکاسی کی گئی ہے، اسے مذاق نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ ہمارے معاشرے میں نفسیاتی مسائل کا شکار مزید افراد پیدا کرنے، بے رحمانہ تشدد کو معمول کا حصہ بنانے اور خواتین کو محض ایک شے کے طور پر پیش کرنے کے رجحان کو فروغ دے سکتی ہے۔

اسکرین گریب ایکس
دھروو راٹھی نے جس ایکس پوسٹ کو شیئر کیا، وہ جوز نامی ایک صارف نے کی تھی۔ جوز نے جی ٹی اے 6 کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک شخص پہلے ایک خاتون پر حملہ کرتا ہے، اسے تھپڑ مارتا ہے اور پھر پستول نکال کر اس کے چہرے پر گولی چلا دیتا ہے، جس سے وہ ہلاک ہو جاتی ہے۔

جوز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ویڈیو گیمز میں بعض چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن سے وہ اتفاق نہیں کرتے اور جی ٹی اے کا یہ منظر بھی انہی میں سے ایک ہے۔

واضح رہے کہ ایکس پر ان مناظر کے ساتھ کمیونٹی نوٹس کے تحت ایک وضاحت بھی شامل کی گئی ہے۔ اس وضاحت کے مطابق جی ٹی اے ایک اوپن ورلڈ گیم ہے جہاں کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے فیصلے کرنے اور سرگرمیوں کا انتخاب کرنے کی آزادی حاصل ہوتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ گیم انہیں ایسا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

کمیونٹی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ گیم کھلاڑیوں کے اقدامات کے مطابق ردِعمل ظاہر کرتی ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی پُرتشدد رویہ اختیار کرتا ہے تو اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں، پولیس اس کے پیچھے لگ جاتی ہے اور اس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔ گیم کی دنیا میں جرائم پر ردِعمل دیا جاتا ہے اور کھلاڑی کے رویے کے مطابق حالات بدلتے رہتے ہیں۔ یعنی گیم میں ہر عمل کا اپنا نتیجہ ہوتا ہے۔

جی ٹی اے 6 پر ردِعمل دیتے ہوئے تاج الدین نامی ایک صارف نے لکھا کہ یہ گیم شاید نئی فحش ویب سائٹ بننے جا رہی ہے۔ ان کے بقول معروف اسٹریمر کائی سینیٹ نے گیم میں جیسن اور لوسیا کے درمیان ایک نجی اور جنسی نوعیت کا منظر دیکھا تو وہ حیران رہ گئے اور اپنا ردِعمل قابو میں نہ رکھ سکے۔

اسکرین گریب ایکس

ان کا کہنا تھا کہ اس گیم کو لازماً صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مخصوص ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ راک اسٹار گیمز کے اسٹوڈیو میں آخر کیا ہو رہا ہے؟

واضح رہے کہ راک اسٹار گیمز کی تیار کردہ جی ٹی اے 6 کو مختلف ممالک میں عمر کی بنیاد پر مختلف درجہ بندیوں کے تحت رکھا گیا ہے۔ گیمنگ اور دیگر فین ویب سائٹس کے مطابق مختلف ممالک میں اس گیم کے لیے عمر کی حد 17 سے 21 سال تک ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا میں اس گیم کے لیے عمر کی حد 17 سال یعنی، برطانیہ، یورپ اور آسٹریلیا میں 18 سال، جنوبی کوریا میں 19 سال، جب کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں 21 سال مقرر ہے۔

تارہ بل نامی ایک اور صارف نے ایکس پر جی ٹی اے 6 کے مناظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گیم میں ’مینڈی‘ نامی کردار سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ گیم میں جیسن کی ملاقات مینڈی نامی خاتون سے ہوتی ہے جو اس سے اپنے گھر کا سنک ٹھیک کرواتی ہے۔ اس دوران وہ جیسن سے دل لگی کرتی ہے اور بکنی میں ملبوس ہو جاتی ہے۔ تاہم، کھلاڑیوں کو شبہ ہے کہ مینڈی ایک قاتل ہو سکتی ہے۔

اسکرین گریب ایکس
البتہ بعض صارفین نے گیم کے ان مناظر کا دفاع بھی کیا ہے۔ ’سین لائف کوچ‘ نامی ایک ایکس اکاؤنٹ نے جی ٹی اے 6 کا ایک جف پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ گیم کم عمر افراد کے لیے نہیں ہے۔ اگر کوئی بالغ شخص حقیقت اور ویڈیو گیم کے درمیان فرق نہیں کر سکتا تو مسئلہ اس شخص میں ہے، گیم میں نہیں۔

دوسری جانب سلطان امیر نامی ایک صارف نے گیم کے بارے میں تفصیلی پوسٹ کرتے ہوئے اسے 10 میں سے صرف 1.5 نمبر دیے۔

ان کے بقول گیم کی ریلیز کے پہلے ہی لمحے سے 40 گھنٹے کھیلنے کے بعد بھی جی ٹی اے 6 کا معیار بہتر ہوتا نظر نہیں آ رہا، بلکہ بعض پہلوؤں سے یہ مزید خراب محسوس ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیم کے گرافکس شاندار ہیں، نقشہ بہت وسیع ہے اور اس کی جزئیات پر غیر معمولی محنت کی گئی ہے، لیکن اس کے علاوہ متاثر کرنے والی کوئی خاص بات نہیں۔

صارف کے بقول اس گیم کی کہانی جی ٹی اے کی تاریخ کی کمزور ترین کہانی ہے۔ جیسن کا کردار پھیکا اور بورنگ ہے، جب کہ لوسیا کے کردار سے بھی کوئی خاص وابستگی محسوس نہیں ہوتی۔

انہوں نے لکھا کہ گیم میں فائرنگ اور لڑائی کے مناظر بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ڈکیتی کی وارداتیں کم اور مختصر ہیں، جب کہ زیادہ تر مشنز اب بھی روزمرہ کے غیر دلچسپ کاموں تک محدود ہیں۔

سلطان امیر کے بقول گیم کا نیا وانٹڈ سسٹم بھی انتہائی ناقص ہے، فری ایم کا نظام غیر ہموار ہے، جب کہ گاڑیاں چلانے کا مزہ پہلے جیسا نہیں رہا اور ہر گاڑی چوری کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گیم کا یوزر انٹرفیس بھی الجھا ہوا ہے۔ پلے اسٹیشن 5 پرو پر بھی گیم 30 فریمز فی سیکنڈ (ایف پی ایس) تک محدود ہے۔ ان کے مطابق راک اسٹار کا کہنا ہے کہ پی ایس 5 پرو میں 60 ایف پی ایس پر گیم چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

تاہم، اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی کمپنی ’سینسر ٹاور‘ کے تخمینے کے مطابق جی ٹی اے 6 کی اب تک دو کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، جب کہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن دو ارب 36 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔

سینسر ٹاور کے مطابق گیم کی مجموعی فروخت میں پلے اسٹیشن کا حصہ تقریباً 75 فی صد، جب کہ ایکس باکس کا حصہ 25 فی صد رہا۔ واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار کمپنی کے تخمینے پر مبنی ہیں، راک اسٹار گیمز کے سرکاری اعداد و شمار نہیں ہیں۔

WhatsApp
Get Alert