عمرانی اور لہڑی قبائل میں کشیدگی پر پرنس آغا عمر جان احمدزئی، خالد حسین مگسی اور بابا غلام رسول عمرانی کی اہم ملاقات، امن و مذاکرات پر زور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پرنس آغا عمر جان احمدزئی نوابزادہ خالد حسین مگسی اور سردار بابا غلام رسول عمرانی کے مابین اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں نے ضلع نصیر آباد میں عمرانی اور لہڑی قبائل کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دونوں قبائل کے فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی علاقے کے امن و امان کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فریقین کو کشت و خون سے گریز کرنا چاہیے۔
ملاقات میں رہنماؤں نے فریقین سے فوری رابطے کرنے اور اس تنازعے کو باہمی گفت و شنید اور قبائلی روایات کے مطابق پرامن طور پر حل کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔
