پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیرخارجہ نے مشترکہ نیوزکانفرنس کی، اسحاق ڈار نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان سیر حاصل گفتگو ہوئی، وزیر خارجہ پرتگال کے ساتھ مختلف امورپرگفتگوہوئی،دونوں ممالک کےدرمیان دہائیوں پرمحیط دوستی کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نےکہا کہ تجارت اور معاشی تعاون کیلئےمشترکہ ورکنگ گروپ بنانے اورپرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنےکی دعوت دی ہے، مشترکہ ورکنگ گروپ تجارت میں رکاوٹوں کی نشاندہی اور اقدامات کیلئے کام کرے گا، پرتگالی کمپنیوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا تعاون حاصل ہوگا۔

مزید کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، زراعت کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات پر تبادلہ خیال ہوا،پاکستان اور پرتگال میں طے پانیوالی ترجیحات پر پیشرفت کا جائزہ 2027 سے اجلاس میں لیں گے۔

اس سے قبل پرتگال کے وزیرخارجہ پاؤلو رینجل وزارت خارجہ پہنچے،جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےپرتگالی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کو 77 سال مکمل ہوچکے ہیں،دونوں ممالک دہائیوں پر محیط دوستی اور نئے سیاسی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے پرتگال کو 2027-28 کے لیےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتےہوئےکہا کہ پاکستان سیاسی تعلقات مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔

پرتگالی وزیرخارجہ پاؤلو رینجل نےکہا کہ وزارتی سطح پر 19 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں،پاکستان نےگزشتہ دو برس کے دوران عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سیاست، سفارتکاری اور مذاکرات میں پاکستان کا کردار کلیدی رہا ہے۔

پرتگالی وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ انکا مقصد پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے،پاکستان کو جی ایس پی پلس کےمعاملے پر پرتگال کی مکمل حمایت حاصل ہے،جبکہ پرتگال پاکستانی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی تعاون کا خواہاں ہے۔

انہوں نے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا۔

WhatsApp
Get Alert