بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کو تشدد اور علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا، پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا، بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے۔ دہشت گردی چاہے مذہب کے نام پر ہو یا قوم پرستی کے نام پر، کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے اور دہشت گردی کی ایڈوکیسی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، چاہے وہ مرد ہوں یا خواتین۔ آئین پاکستان شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، تاہم یہی آئین ریاست سے غیر مشروط وفاداری اور آئینی ذمہ داریوں کی پاسداری کا درس بھی دیتا ہے۔ کسی بھی نظریے یا بیانیے کی آڑ میں بے گناہ شہریوں کا قتل، تشدد اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کو جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان کے مسائل کا حل تشدد نہیں بلکہ تعلیم، ترقی، بہتر طرز حکمرانی، معاشی مواقع کی فراہمی اور عوامی خدمت میں مضمر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 28 ویں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات، انتظامی اقدامات اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام بلوچستانی کے معیار زندگی میں بہتری، گورننس کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلوچستان کو اس کی تاریخ، سماجی حالات اور زمینی حقائق کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ صوبے میں غیر متوازن ترقی اور محرومیوں کے مسائل کو کسی بھی صورت دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں حقائق کو مسخ کرکے احساس محرومی کا ایسا بیانیہ تشکیل دیا جاتا ہے جس کے ذریعے علیحدگی اور تشدد کے لیے جواز تلاش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ترقی کے حوالے سے موجود مسائل سے انکار نہیں، تاہم ان کا حل آئینی و جمہوری جدوجہد اور عوامی فلاح کے اقدامات میں ہے،

نہ کہ معصوم شہریوں اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے میں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج اور اختلاف رائے کا حق دیتا ہے، لیکن ان حقوق کے ساتھ آئینی حدود اور ریاست کے ساتھ وفاداری کی ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں۔ پرامن سیاسی جدوجہد اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائی دو بالکل مختلف معاملات ہیں ان دونوں کو ایک ہی تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے، دہشت گردی میں ملوث ہونے یا اس کی ایڈوکیسی کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج بلوچستان کے ایک غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن کالج، لارنس کالج سمیت پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔ یہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے قومی سطح پر تعلیم اور آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر سکے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم انداز میں بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں سے رابطے کرکے انہیں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانے اور ریاست کے خلاف اکسانے کی سازشیں کی جارہی ہیں نوجوانوں کو ایسے عناصر کے عزائم، ان کے بیانیے اور زمینی حقائق کو سمجھنا ہوگا اور پروپیگنڈے اور حقیقت میں فرق کرنا ہوگا۔ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل تشدد، انتہا پسندی اور نفرت میں نہیں بلکہ تعلیم، ترقی، امن اور قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی کسی علاقے کی محرومیوں کو بنیاد بنا کر دہشت گردی کا جواز پیدا کیا جا سکتا ہے۔ بلوچستان کے عوام ، سیکورٹی فورسز نے امن کے قیام اور ترقی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری اصل ترجیح عام شہری کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ حکومت گورننس میں بہتری، سرکاری محکموں کی کارکردگی میں اضافے، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کے ثمرات صوبے کے دور دراز علاقوں تک ہر شہری تک پہنچ سکیں۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے نیشنل ورکشاپ کے شرکاء کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی اصلاحات، گورننس کی بہتری اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

WhatsApp
Get Alert