اپنا گھر بنانے کے خواہشمندوں کے لیے بڑی خوشخبری! بینکوں کو اہم ہدایات جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اپنا گھر بنانے کے خواہشمندوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، وزیراعظم شہباز شریف نے ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت بینکوں کو 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضے دینے کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت کم لاگت (سبسڈائزڈ) ہاؤسنگ قرضوں کے اجراء میں تیزی لائیں، اور آئندہ چھ ماہ کے دوران 1,000 ارب روپے کے قرضے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
پروگرام کے تحت پہلے 100 ارب روپے کے قرضوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے حکومت تمام غیر ضروری رکاوٹیں دور کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بینکوں نے اب تک تقریباً 500 ارب روپے مالیت کے ہاؤسنگ قرضے منظور کیے ہیں لیکن عملی طور پر صرف 100 ارب روپے ہی جاری کیے جا سکے ہیں، لہٰذا بینک درخواست گزاروں کے لیے طریقہ کار آسان بنائیں اور ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں ان کی مدد کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بینک ابتداء میں اس پروگرام میں شامل ہونے سے ہچکچا رہے تھے کیونکہ وہ سرکاری ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری اور بڑے کاروباری اداروں کو قرض دینے کے عادی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہاؤسنگ قرض کے حصول کے لیے جائیداد کی ملکیت کے واضح دستاویزات سب سے اہم شرائط میں شامل ہیں۔
اپنا گھر‘ پروگرام میں اہل درخواست گزار 20 سال تک کی مدت کے لیے ایک کروڑ روپے (10 ملین) تک کا قرض حاصل کر سکتے ہیں جبکہ قرض پر ابتدائی 10 سال کے لیے صرف 5 فیصد سبسڈائزڈ شرحِ سود لاگو ہوگی۔
پروگرام میں شریک بینکوں کے ساتھ مالیاتی رسک بانٹنے کے لیے حکومت بقایا قرضوں کے پورٹ فولیو پر ہونے والے پہلے 10 فیصد نقصانات خود برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ یہ اسکیم رواں سال اپریل میں باضابطہ طور پر لانچ کی گئی تھی، جس کا ہدف پانچ سالوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد عام آدمی کے لیے ذاتی گھر کے حصول کو آسان بنانا، تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
