پاکستانی شائقین کرکٹ کی سن لی گئی، معاملات طے پا گئے

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستانی شائقین کرکٹ کی سن لی گئی، معاملات طے پا گئے، پی سی بی کا ثقلین مشتاق کو ہی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ۔ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری آف سپنر ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی استعفیٰ دیا تھا، تاہم بعد میں پھر ان کو عبوری کوچ مقرر کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی ثقلین مشتاق کو ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کرنے کا خواہش مند تھا مگر ان کے پی سی بی کے ساتھ مالی معاملات طے نہ ہو سکے تھے۔ ثقلین مشتاق نے ٹی 20 ورلڈکپ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سیریز میں عبوری کوچ کے فرائض سرانجام دیئے تھے، جہاں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
