جنید اکبر کے بیان پر طلال چوہدری کا ردعمل،ریاستی طاقت سے شہریوں کے تحفظ کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ کس نوعیت کا احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جنید اکبر کے بیانات سے ان کے احتجاج کے ارادے واضح ہو رہے ہیں، جبکہ پرامن احتجاج کا طریقہ اس طرح نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی اور دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن ماضی میں بھی مسلح ہوکر اسلام آباد آئے اور اب بھی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کو بھی ملک میں انارکی پھیلانے اور شہریوں کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی انتشار پھیلانے اور لاشیں گرانے کے گرد گھومتی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت ایسا ہونے نہیں دے گی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران اسلام آباد کی جانب پیش قدمی، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کے واقعات کے بعد خود کو پرامن قرار دینا قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں،ریاست دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کرے گی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایسے گروپس اور احتجاج سامنے آئے، لیکن ان کے بقول ان کی سیاسی حیثیت یا وجود مستقل نہیں رہا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں شہریوں کے جان و مال اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے تیار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert