ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دربدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال بھی مکمل ہوچکا ہے ،ہسپتال ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کی طرح یہ منصوبہ بھی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں،ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کارکردگی کے میدان میں مریم نواز کا مقابلہ نہیں کرسکتے، وہ ذاتی حملوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دربدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نےکہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں، جبکہ 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخوا کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بغاوتوں سے دور رکھیں،ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے بچے لندن میں لگژری زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ وہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert