پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کب ہونگے؟۔۔ اہم خبر آ گئی
لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب میں بلدیاتی الیکشن مئی کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ، بلدیاتی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہی ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن مئی کے آخری ہفتے میں ہوں گے جبکہ الیکشن کمیشن جلد نئے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔ قبل ازیں وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید بھی کہہ چکے ہیں کہ 15 مئی کو بلدیاتی انتخابات کرانے جا رہے ہیں۔ ہر شہری اپنے بلدیاتی نمائندے خود چنے گا 19 جنوری کو ہونے والی تقریب میں ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کا بااختیار نظام لیکر آ رہے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی لاہور میں لوکل سیلف گورنمنٹ ڈپلومہ متعارف کرانے کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمودالرشید نے بتایا کہ نئے بلدیاتی ایکٹ میں سپیشل پرسنز کی سیٹ کا اضافہ کیا ہے۔یوتھ اور ٹریڈرز کوبھی نمائندگی دی ہے۔
میاں محمودالرشیدنے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ ہر انتخابات سے پہلے بلدیاتی ایکٹ میں ہونے والی تبدیلی کو روکا جائے اس موقع پر ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کرانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے سپرد ہے۔ یاد رہے پانچ جنوری کوالیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کسی ٹیکنالوجی بشمول ای وی ایم پر الیکشن کمیشن کا کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ’اگر وفاقی یا صوبائی حکومت ان مشینوں کو خود بنائے، تو الیکشن کمیشن ای وی ایم کا استعمال کرنے کو تیار ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دو لاکھ 50 ہزار مشین درکار ہوں گی، اگر الیکشن کمیشن نے مشینوں کی خریداری مارکیٹ سے کرنی ہے تو تمام قواعد وضوابط اور پیپرا رولز کے مطابق خریداری کی جائے گی۔