پاکستانیوں نے 7 ماہ میں ایک ارب 27 کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کرلئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران مختلف ممالک سے ایک ارب 27 کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے ہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2021 سے جنوری 2022 کے درمیان مختلف ممالک سے ایک ارب 27 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے پہلے 7 ماہ کے دوران ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کا مواصلاتی ساز و سامان درآمد کیا جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ایک ارب 13 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے موبائلہ فون درآمد کئے گئے تھے۔
اس طرح رواں مالی سال کے 7 ماہ میں موبائل فون کی درآمد گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 11.86 فیصد زیادہ دیکھی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 17 کروڑ 97 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے جب کہ دسمبر 2021 میں 23 کروڑ 39 لاکھ ڈالرز سے زائد کے موبائل فون منگوائے گئے تھے۔ اس طرح جنوری میں دسمبر کے مقابلے میں موبائل فون کی درآمد کا حجم 23 فیصد کم رہا۔