زلمی کے چیئرمین نے ٹیم اور فینز سے کیا کہا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ مسلسل 7 پلے آف اسپورٹس مین اسپرٹ اور فائٹنگ اسپرٹ سے کھیلنے پر پشاور زلمی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم کی بھرپور سپورٹ اور حوصلہ افزائی پر زلمی فینز کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ آئندہ سیزن میں زلمی فینز بھی ووٹنگ کے ذریعے ٹیم کے انتخاب میں اپنی رائے دے سکیں گے۔
زلمی کے چیئرمین نے ٹیم کے ساتھ فینز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زلمی فینز نے ہمیشہ کی طرح ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا ، انہوں نے زلمی فینز کو مخاطب کرکے کہا کہ اس بار زلمی فائنل تک جگہ نہیں بناسکی جس پر وہ فینز سے معذرت کرتے ہیں ۔
ان کاکہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم میں کوویڈ کیسز، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی اپنی ٹیم کیساتھ مصروفیات اور بائیو سیکور کی ذہنی مشکلات کے سبب مشکلات کا سامنا رہا لیکن اس کے باوجود ٹیم نے بہترین اسپرٹ سے کرکٹ کھیلی۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ آئندہ پی ایس ایل میں زلمی فینز بھی ڈرافٹ اور ٹیم کے حوالے سے اپنی رائے دے سکیں گے کیونکہ فینز ہمارے اہم ترین اسٹیک ہولڈر ہیں اور ان کی رائے کو بھی اہمیت دی جائے گی ۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ ان شااللّٰہ پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی اپنے ہوم گراؤنڈ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ان ایکشن ہوگی اور خیبر پختونخوا میں بسنے والے زلمی فینز کے لیے دلچسپ پلان لے کر آئیں گے۔