روس کی یوکرین کے خلاف جنگ دارلحکومت کیف پہنچ گئی، شہر میں زور دار دھماکے

کیف (قدرت روزنامہ)روس کی یوکرین کے خلاف جنگ دارلحکومت کیف پہنچ گئی۔ شہرکےمختلف حصوں میں روسی اور یوکرینی فوج میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کیف انتظامیہ نے بتایا ہے کہ شہر کی گلیوں میں لڑائی کا آغاز ہو گیا ہے۔ برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ یوکرین کی حکومت کی جانب سے دارالحکومت کیف کے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کیف کے مرکز سے کچھ دور سے توپوں کے گرجنے کی آوازیں واضح طور پر سنائی دی ہیں۔ کیف کے چڑیا گھر اور شلیاؤکا کے علاقے میں 50 سے زائد دھماکوں اور گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کیف کے علاقے ٹروئیشچینا کے پاور اسٹیشن پر روس نے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا حملہ کیا ۔

روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق روسی فوج بغیر کسی مزاحمت کا سامنا کیے یوکرین کے شہر ملیتوپول پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

برطانوی میڈیا نے بتایا کہ یوکرینی فوج نے ٹروئیشچینا کے پاور اسٹیشن پر کیا گیا یہ روسی حملہ پسپا کر دیا ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادو میر زیلنسکی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کیف میں موجود ہیں اور ملک کے لیے آخری وقت تک لڑیں گے۔ جبکہ روس نے یوکرین کی مشرقی سرحد کے ساتھ واقع دو اہم شہر لوہانک اور ڈیونٹس جہاں روسی بولنے والوں کی آبادی ہے جن کو یوکرین کی حکومت علیحدگی پسند کہتی ہے ان کے علاقے میں ان کی مدد کے لئے اپنے کچھ فوجی دستوں کو داخل کر دیا ہے۔
اس حوالے سے امریکی صدر جوبائیڈن سمیت مغربی میڈیا کے زیادہ تر تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ روس کا خاموش حملہ ہے۔ روسی فوجی دستوں کی مداخلت کے دوران یوکرین کے مذکورہ علاقوں میں فائرنگ کے تبادلے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert