ریاست کو بچانے کے لئے اب عمران خان کو گھر جانا ہوگا، خورشید شاہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست کو بچانے کے لئے اب عمران خان کو گھر جانا ہوگا۔خورشید شاہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ریاست کو بچانے کے لئے اب عمران خان کو گھر جانا ہوگا، ہمارے نمبر پورے ہیں تو پھر ہی میدان میں آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی ایمپائر نیوٹرل ہو، 8 یا 9 مارچ کو وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں، جس کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے وہ کامیاب ہوگی۔
واضح رہے اس سے قبل خورشید شاہ نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریکوزیشن اور عدم اعتماد کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم کام کرنے ہیں، جس کے لیے آیا ہوں، ہمارا لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں، صرف اور صرف عمران خان کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں، صرف اور صرف عمران خان کے خلاف ہے، تحریک عدم اعتماد سے پہلے قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن جمع کروائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ریکوزیشن جمع کروانے کے فورا بعد وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دیں گے، لانگ مارچ کے اختتام پر قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد جمع ہو گی۔
خورشید شاہ نے کہا تھا کہ مکمل یقین ہے عمران خان سے اس کی پارٹی کے لوگ بھی پریشان ہیں، حکومت کے بارہ سے تیرہ ایم این ایز اپنا فیصلہ کر چکے ہیں، یہ حکومتی ارکان اب عمران خان کی ناکامیوں کا وزن اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک بات یقین سے کہہ سکتا عمران خان اپنی پارٹی چوہدریوں کی جھولی میں کبھی نہیں ڈالے گا، گارنٹی سے لکھ لو، وہ چیف منسٹری پرویز الہٰی کو نہیں دے رہا تھا، پارٹی کیسے دے گا۔