بلاول کے بعد عمران خان نے بھی اردو کی ٹانگیں توڑڈالیں
کراچی(قدرت روزنامہ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زبان پھسلی تو وزیر اعظم عمران خان نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور یہاں تک کہ ان کے والد آصف زرداری تک کو طعنے دے دیے لیکن اسی دھواں دار خطاب کے دوران انہوں نے خود قوم کو اردو کی ایک نئی اصطلاح سے متعارف کرادیا ۔ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم نے دھواں دار خطاب کیا اور اپوزیشن جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسی دوران انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا جو میری بندوق کی نشست پر بڑی دیر سے آیا ہوا ہے وہ ہے آصف علی زرداری۔
وزیر اعظم اپنے اس جملے میں بندوق کا نشانہ کہنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے اردو زبان میں ایک نئی اصطلاح ایجادکرتے ہوئے بندوق کے نشانے کو بندوق کی نشست کردیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خطاب کے دوران زبان پھسل گئی تھی اور انہوں نے کہا تھا اسلام آباد کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں(اسلام آباد کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں)۔ ان کی زبان پھسلنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پرکانپیں ٹانگ رہی ہیںٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی بلاول کی زبان کی اس پھسلن کو بخشا نہیں اور ان کے والد آصف علی زرداری سے کہہ دیا کہ اپنے بیٹے کو اردو سکھائیں لیکن اب وہ خود بھی بلاول کی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں۔