شلپا شیٹی ’سپرڈانسر4‘ کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتی تھیں جو ان کے شوہر کی گرفتاری کے بعد بند ہوگیا؟
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے اور آن لائن پوسٹ کرنے کے الزام میں 19جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس کے سبب شلپا شیٹی بھی اپنی مصروفیات ترک کرنے پر مجبور ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق اس سارے قصے میں شلپا شیٹی کا 2کروڑ روپے کا نقصان محض ایک ٹی وی شو ’سپرڈانسر4‘ سے غیرحاضری پر ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق راج کندرا پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ شلپا شیٹی خود بھی اس کیس میں شامل تفتیش ہیں۔ ان کے گھر پر چھاپے کے دوران ہزاروں کی تعداد میں فحش ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔ اب تک پولیس شلپا شیٹی سے دو بار تفتیش کر چکی ہے تاہم تاحال انہیں شلپا شیٹی کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ شلپا شیٹی ’سپرڈانسر4‘ میں جج کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور راج کندرا کی گرفتاری کے بعد سے شو کی ریکارڈنگز میں حصہ نہیں لے رہیں۔
شو میں ان کی جگہ کرشمہ کپور کو ایک قسط کے لیے جج کی کرسی پر بٹھایا گیا۔ اگلی قسط میں رتیش دیش مکھ اور جنیلیا دیش مکھ مہمانان خصوصی کے طور پر شو کا حصہ بن رہے ہیں۔یہ افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ انتظامیہ نے شلپا شیٹی کو اس شو سے نکال دیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق چینل کی طرف سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور شلپا شیٹی ایک ماہ تک شو میں واپس آ سکتی ہیں۔واضح رہے کہ شلپا شیٹی اس شو میں بطور جج کام کرتے ہوئے 18سے 22لاکھ روپے فی قسط معاوضہ وصول کر رہی تھیں۔
