رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتا دیا کہ رمضان المبارک میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسم کیسا رہے گا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں رمضان المبارک میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج کل موسم گرم اور مرطوب ہے، جبکہ 23 مارچ تک درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا ہے کہ 23 مارچ کے بعد شہرِ قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور سمیت صوبۂ خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبۂ خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں بارش ہوئی ہے۔

پشاور میں 4 ملی میٹر جبکہ کالام میں سب سے زیادہ 25 میلی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ پشاور میں کم سے کم درجۂ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ یہاں کی ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اُدھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے، صوبے کے جنوبی اور وسطی اضلاع میں موسم گرم ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے، صبح کے وقت موسم میں خنکی ہے جبکہ دن میں موسم قدرے گرم رہتا ہے۔ کوئٹہ میں آج صبح میں درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں کی ہوا میں نمی کا تناسب 11 فیصد رہا۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی مطلع صاف اور موسم خشک و گرم ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، دن کا درجۂ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔