عمران کی ایک اے ٹی ایم ناراض ہوجائے تو دوسری تلاش کر لیتے ہیں، مفتاح اسماعیل

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک اے ٹی ایم ناراض ہوجائے تو دوسری اے ٹی ایم تلاش کر لیتے ہیں . اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو عوام کا مہنگائی کا مسئلہ حل کرنا چاہیے، پاکستان میں مہنگائی اس وقت دنیا میں تیسرے نمبر ہے .


مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان بہانا کرتے ہیں کورونا کی وجہ سے مہنگائی آئی ہے، پاکستان میں مہنگائی کی وجہ کورونا نہیں عمران خان کی نااہلی اور کرپشن ہے . ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گندم کی قلت پیدا کی، کھاد مہنگی کردی جس سے فصل مہنگی ہوگئی ہے، ان لوگوں نے سستی ایل این جی نہیں لی اور ہمیں جیلوں میں بند کیا .
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو فرنس آئل اور ڈیزل پر بجلی بناتے ہیں، ہر قسم کا جھوٹ اور الزام یہ لوگ لگاتے ہیں .
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان وہ شخص ہے جس نے 70 کروڑ روپے کی سینیٹ کی ٹکٹ دی . ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا گروپ تو ایک سال سے بنا ہوا ہے، انہیں امربالمعروف یاد آتا ہے جھوٹے پر اللّٰہ کی لعنت ہے یہ یاد نہیں آتا .
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آپ مہنگائی نہیں روک سکتے تو ہدایت دینے کے لیے بہت لوگ ہیں، کیا آپ اس لیے آئے کہ دو کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں . انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی پر بات کرنا ضروری ہے، ہم صرف ان سے متعلق سچ بولتے ہیں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے . ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے زمانے میں چینی 53 روپے کلو تھی جو آج 100 روپے کلو ہے، عمران خان آیا تو چینی اور آٹا مہنگا ہوگیا .
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں 80 کروڑ روپے غائب ہوئے وہ کہاں گئے ہیں؟ اوورسیز پاکستانیوں کے علاوہ آپ نے کس کس سے پیسا لیا ہے؟ آپ کو اگر ڈر نہیں تو صاف صاف بتاتے کیوں نہیں؟ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایک اے ٹی ایم ناراض ہوجائے تو دوسری اے ٹی ایم تلاش کر لیتے ہیں .
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مافیا کی حکومت ختم ہوجائے گی، عمران خان کے جانے سے یہ مافیا بھی چلا جائے گا . مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس شخص نے ہر شخص پر تہمت لگائی جیلوں میں ڈالا . پارٹی صدر سے متعلق بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شہباز شریف سے آپ نہیں سنیں گے کہ مہنگائی کم کرنا ہماری ذمہ داری نہیں .

. .

متعلقہ خبریں