عمران خان کی حکومت کی حمایت میں شاہد آفریدی بھی میدان میں اتر گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عمران خان کی حکومت کی حمایت میں بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی حکومت کی حمایت میں ایک بیان جاری کیا ہے۔


ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کے قیام کو 74 سال ہوگئے ہیں، خدارا کسی ایک حکومت کو تو آئینی حکومت پوری کرنے دیں کیونکہ ہر عوام کی منتخب کردہ حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کا حق ہے‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ 74 سال کی برائیاں ختم ہوتے ہوتے ہوں گی۔
واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان میں سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے جبکہ اپوزیشن کا اتحاد وزیر اعظم عمران خان کو کرسی سے ہٹانے کے لیے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے۔
متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پیش کررکھی ہے جس پر ووٹنگ اتوار کو ہوگی جبکہ اپوزیشن کے نمبرز پورے ہونے کے بعد بظاہر لگ رہا ہے کہ وہ اس تحریک میں کامیاب ہوجائیں گے۔
اگر وزیر اعظم عمران خان کو بھی وزیر اعظم کی سیٹ سے ہٹایا جاتا ہے تو ان کا شمار بھی پاکستان کی 74 سالہ تاریخ کے ان وزیر اعظم میں ہوگا جو اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکے ہیں۔