کار حادثے میں سابق آسٹریلوی کرکٹر کی موت پر شاہد آفریدی کا پیغام بھی آگیا

کراچی(قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل رانڈر شاہد آفریدی نے آسٹریلیا کے سٹار کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کی کار حادثے میں ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر آسٹریلیا کے شہر ٹانزول میں کار حادثے کا شکار ہو کر انتقال کر گئے تھے جس پر موجودہ و سابق کرکٹرز کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔شعیب اختر کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اینڈریو سائمنڈز کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فیملی ممبرز، دوستوں اور چاہنے والوں سے تعزیت کی۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ دنیا سے جانے کا کوئی وقت متعین نہیں ہے لہذا ہمیں ہر روز خوشی کے ساتھ گزارنا چاہیے اور دنیا کے لیے اچھی یاد بننا چاہیے۔پاکستان کے سابق کپتان نے مزید لکھا کہ شین وارن اور اینڈریو سائمنڈز کی کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔