سندھ حکومت ترکی کے سرمایہ کاروں کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے، شرجیل میمن

کراچی (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ترکی کے سرمایہ کاروں کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق شرجیل انعام میمن نے انقرہ میں ترکی کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ سیلن دورسن سے ملاقات ہوئی، صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ترکی کی کامیابیوں کو سراہا۔
شرجیل انعام میمن نے ترک کمپنیوں کو پاکستان خصوصاً صوبہ سندھ میں اپنے ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کی دعوت دے دی، شرجیل انعام میمن کی ترکی کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاہدوں کے تحت ترک سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ترکی کے سرمایہ کاروں کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے، سندھ حکومت کو ترک بسوں/ماس ٹرانزٹ گاڑیوں کی تفصیلات اور ڈیزائن کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس معاملے پر پیش رفت کے لئے ترکی کے ماہرین کو سندھ کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔