حکومت غیر مستحکم ہوچکی، عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، بلاول بھٹو

کراچی (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت غیرمستحکم ہوچکی ہے، عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں . کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، جو عوام کے مسائل حل کرے گی .

انہوں نے کہا کہ جب تک اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) ہماری بات مان رہی تھی تو وہ کامیابیاں سمیٹتی رہی، جمہوری سیاست سے ہم نے حکومت کو سیاسی نقصان پہنچا کر دکھایا ہے . پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آتے ہیں تو حکومت کل ہی گر جائے گی . اُن کا کہنا تھاکہ ہم نے مل کر حکومت کو تاریخی شکست دلوائی، پی ڈی ایم کو ذاتی مفاد کے بجائے اصولوں کی سیاست کرنی ہوگی . بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت صوبے اور کراچی کے ساتھ بار بار انصافی کررہی ہے، مرکز کراچی کے لیے کچھ نہیں کررہا اور نہ ہی کرنے دے رہا ہے . انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت محدود وسائل کے باوجود کراچی سمیت صوبے میں کام کررہی ہے، ایک سال ہوچکا ہے کراچی ایک روپیہ نہیں پہنچا ایک اینٹ نہیں لگی . پی پی چیئرمین نے کہاکہ ان کو اس بات کی تکلیف ہے کہ پیپلز پارٹی دن رات محنت کررہی ہے، وفاقی حکومت کی ناانصافی عوام دیکھ رہے ہیں . انہوں نے استفسار کیا کہ سمجھ نہیں آتی ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی سے مرکز اور صوبائی اپوزیشن کو کیوں تکلیف ہوئی؟بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی ہے، ہم ہمیشہ الیکشن کی تیاری کرتے رہتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کبھی بھی الیکشن ہوسکتے ہیں . اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے تبدیلی کو بھی بھگتا ہے، ہمیں جمہوری ہتھیار اپنانے ہوں گے اور سنجیدہ کوشش کرنا ہوگی . . .

متعلقہ خبریں