پاکستان میں اتنے مسائل چل رہے ہیں اور یہ تمام چیزوں کو چھوڑ کر عمران خان کا علاج اور بہنوں سے ملاقات روکنےمیں لگےہیں،سہیل آفریدی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے ساتھ دھرنا دے دیا، پولیس نے اڈیالہ روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ کو مکمل سیل کردیا۔
سہیل آفریدی سرکاری پروٹوکول میں اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر پہنچے، علیمہ خان بھی بہنوں کے ہمراہ فیکٹری ناکے پر موجود ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا، شاہد خٹک، نعیم حیدر پنجوتھا، نیاز اللّٰہ نیازی و دیگر کارکنان موجود ہیں، پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ روڈ کے مختلف مقامات پر موجود ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے پاکستان میں اتنے مسائل چل رہے اور یہ ان تمام چیزوں کو چھوڑ کر عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات روکنے، ان کا علاج روکنے اور پی ٹی آئی کو تباہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پاکستان تباہ ہورہا ہے ، معیشت ڈوب رہی ہے، نوجوان ملک چھوڑ رہے ہیں، انہیں کسی چیز کی پرواہ نہیں۔ جب عدالتیں مفلوج ہو جائیں تو پھر انصاف کون دے گا ؟ تو واحد حل یہ ہے کہ آپ احتجاج کریں ۔
