پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان اسمبلی کی طلبی کی مدت ختم، حتمی فیصلہ اسپیکر کریں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کی قومی اسمبلی میں طلبی کی مدت ختم ہوچکی ہے جس کے بعد حتمی فیصلہ اسپیکر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کو تصدیق کے لئے طلب کیا گیا تھا جس کے لئے باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔
جاری کیے جانے والے نوٹسز کے مطابق تمام ارکان کو حلقوں کے مطابق طلب کیا گیا تھا اور ہر ایک کے لئے 5 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔نوٹس کے مطابق ہر روز 30 ارکان کو اسپیکر کے سامنے موجود ہونا تھا تاہم پی ٹی آئی کی قیادت نے تمام ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لئے جانے سے روک دیا تھا۔
آج پی ٹی آئی ارکان کی طلبی کی مدت پوری ہوچکی ہے جس میں سب سے آخر میں شیخ رشید اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو طلب کیا گیا تھا۔موجوہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دوبارہ نوٹس جاری کئے جانے کا بھی امکان موجود ہے تاہم حتمی فیصلہ راجہ پرویز اشرف کی جانب سے ہی کیا جائیگا۔