بارسلونا چھوڑ کر پی ایس جی جوائن کرنے والے میسی نے اپنی جرسی بدل لی ، 10 کی بجائے 30 نمبر کا انتخاب کرنے کی دلچسپ وجہ سامنے آگئی

پیرس(قدرت روزنامہ) ارجنٹائن کے کپتان اور دنیا کے چند بہترین فٹ بالرز میں شمار ہونے والے لیونل میسی نے بالآخر 21سال بعد بارسلونا کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ فرانس کے سب سے بڑے فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی)کی نمائندگی کریں گے۔ اس کلب کی طرف سے میسی کو 10نمبر شرٹ کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے اس کی بجائے 30نمبر شرٹ پہننے کا انتخاب کیا ہے۔ ان کی کچھ تصاویر منظرعام پر آئی ہیں جس میں وہ پی ایس جی کی 30نمبر شرٹ دکھا رہے ہوتے ہیں جس پر ان کا نام بھی لکھا ہوتا ہے۔

میسی نے بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر میں زیادہ تر 10نمبر شرٹ ہی پہنی اور اس نئے کلب میں آنے پر بھی انہیں 10نمبر شرٹ کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔ یہ پیشکش ان کے قریبی دوست نیمار کی طرف سے کی گئی تھی۔میسی نے نمبر 30کا انتخاب اس لیے کیا کہ انہوں نے اسی نمبر کی شرٹ پہن کر بارسلونا کی طرف سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ابتداءمیں 30نمبر شرٹ ہی پہنتے رہے، جو پھر 10نمبر میں تبدیل ہو گئی۔ تاہم اب ایک بار پھر پی ایس جی کے ساتھ شروعات بھی نمبر 30کی شرٹ پہن کرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ میسی کا بارسلونا کو چھوڑنا بہت ڈرامائی مرحلہ تھا۔ آخری وقت تک خبریں آتی رہیں کہ میسی کا بارسلونا کے ساتھ نیا معاہدہ نہ صرف چند گھنٹوں میں طے پا جائے گا بلکہ کلب کے نئے سربراہ لاپورٹے کرسٹیانو رونالڈو کو بھی سائن کرنا چاہتے ہیں۔تاہم سپین کے فٹ بال کے ادارے لالیگا کی طرف سے بارسلونا کو تنبیہ کی گئی کہ وہ میسی کو بھی سائن نہیں کر سکتے بلکہ انہیں اپنے دیگر مہنگے کھلاڑیوں سے بھی جان چھڑانی ہو گی۔ کلب کی طرف سے میسی کے جانے کا الزام لالیگا پر ڈالا گیا، لہٰذا مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر لالیگا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert