امپورٹڈ حکومت کو این آر او ٹو دیدیا گیا ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب قانون پر عملدرآمد کا مطلب امپورٹڈ حکومت کو این آر او ٹو دیدیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلے سیاسی پھر معاشی بحران پیدا کر کے پورا رجیم چینج آپریشن کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے حالیہ بیان میں بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی بات کی اسکے علاوہ امریکہ کو اڈے دینے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی گئی جو کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تھا ۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے پورا ایک رجیم چینج آپریشن کیا گیا جس کے لئے بتایا گیا کہ پاکستان میں عدم اعتماد کی تحریک آرہی ہے اگر یہ کامیاب ہوجاتی ہے تو امریکا کے ساتھ تعلقات بحال ہوجائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کی کامیابی کے لئے پی ٹی آئی کے دس ارکان قومی اسمبلی کو پہلے ٹارگٹ کیا گیا پھر مزید ارکان اسمبلی کو حکومت کے خاتمے کیلئے استعمال کیا گیا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ سے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے لئے صدر مملکت نے بھی احکامات جاری کیے ہیں اور اس وقت کے وزیراعظم سمیت اسپیکر آف دی ہاؤس نے بھی تحقیقاتی کمیشن بنانے کے لئے خط لکھے تھے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تاحال تحقیقاتی کمیشن نہیں بنایا گیا ہے لیکن ہم پرامید ہیں کہ ہمارے ادارے مثبت جواب دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے خلاف سازش کو کامیاب بنانے کے لئے پاکستان میں پہلے سیاسی بحران پیدا کیا گیا اور پھر معاشی بحران ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہت بہتر تھی فارن ریزرو میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تھا اور اوورسیز پاکستانیوں کی بھی سپورٹ موجود تھی ، ڈالر قابو میں تھا، درآمدات و برآمدات میں بھی بہتری تھی لیکن سیاسی بحران کے نتیجے میں معاشی بحران پیدا ہوگیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا یہ رجیم چینج آپریشن مکمل ہوگیا ہے؟ تو اس کا جواب ہے ’نہیں‘ کیونکہ اس آپریشن کو مکمل کرنے میں 2 بڑی رکاوٹیں موجود ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رجیم جینج آپریشن کے مکمل نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ عوامی لیول پر اس رجیم چیج کو قبول نہیں کیا جارہا ہے اور دوسرا پنجاب میں رجیم چینج پوری نہیں ہورہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن کمیشن اور لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو عہدے پر رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی کال پر صرف 36 گھنٹوں میں ملک کے ہر کونے سے عوام اکھٹا ہوئے ہیں اور یہ صرف پی ٹی آئی اور عمران خان ہی کرسکتا ہے۔