پاکستان

نیند کی کمی سے ہونے والے نقصانات، آپ کی توقع سے بھی زیادہ مضر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ محض 3 راتوں تک نیند کی کمی بھی ذہنی اور جسمانی صحت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہے۔ساؤتھ فلوریڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں مسلسل 8 دن تک 6 گھنٹے سے کم نیند کے اثرات کا جائزہ لے کر نتائج سامنے پیش کیے گئے ہیں۔6 گھنٹے وہ کم از کم وقت ہے جو مناسب نیند کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض ایک رات کی نیند متاثر ہونے سے بھی مختلف علامات نمودار ہونے لگتی ہیں۔مختلف ذہنی اورجسمانی مسائل مسلسل 3 راتوں تک کم نیند کے نتیجے میں بدترین ہونے لگتے ہیں اورایک وقت تو ایسا آتا ہے جب جسم نیند کی کمی کا عادی ہونے لگتا ہے۔مگر چھٹے دن سب کچھ بدل جاتا ہے اور اس موقع پر جسمانی علامات بدترین سطح پر پہنچ جاتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہےکہ بیشتر افراد کا خیال ہوتا ہے کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر وہ پورے ہفتے کی نیند پوری کرلیں گے۔ تاہم تحقیق کے نتائج سے ثابت ہے کہ محض ایک رات کی نیند پوری نہ ہونا بھی روزمرہ کے افعال کی صلاحیت کو نمایاں حد تک متاثر کرسکتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ منفی احساسات اور علامات کی شدت ہر گزرتی رات کے ساتھ نیند کی کمی کے نتیجے میں بڑھ جاتی ہے اور اس وقت تک معمول پر نہیں آپاتی جب تک وہ ایک رات 6 گھنٹے سے زیادہ نیند کا مزہ نہیں لے لیتے۔اس سے قبل ان محققین کی ایک گزشتہ تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ رات بھر میں صرف 16 منٹ کی نیند کم ہونے سے ملازمت کے دوران کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ نیند کی معمولی کمی سے بھی روزمرہ کے افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے اینالز آف بی ہیوئرل میڈیسن میں شائع ہوئے۔

متعلقہ خبریں