پنجاب

دنیا کو پیغام دیں ہم حقیقی طور پر آزاد ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے‘عمران خان کی قوم کو حقیقی مارچ میں شرکت کی دعوت

اس حالت میں بھی آپ کیلئے پنڈی آرہا ہوں، آپکو ہر صورت پہنچنا ہے ، چاہتاہوں سب پاکستانی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریں
میرا قاتلانہ حملے میں بچنا مشکل تھا ،اب مرنے کے خوف پر قابو پا لیا،حقیقی آزادی قوم کو اسوقت ملتی ہے جب انصاف ہوتا ہے‘چیئرمین پی ٹی آئی
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم کو آج (ہفتہ ) 26 نومبر کو حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو پیغام دیں ہم حقیقی طور پر آزاد ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حقیقی آزادی مارچ میں دوبارہ شرکت کیلئے تیار ہیں اور انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس حالت میں بھی آپ کے لیے پنڈی آرہا ہوں، آپ کومیرے لیے پنڈی پہنچنا ہے ، چاہتاہوں سب پاکستانی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریں۔عمران خان نے کہا کہ میرے پاکستانیوں آج (ہفتہ ) راولپنڈی میں ایک بجے سب شرکت کریں۔
حقیقی آزادی قوم کو اس وقت ملتی ہے جب انصاف ہوتا ہے، انصاف ہوتا ہے تو حقوق ملتے ہیں جس سے قوم حقیقی آزاد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب قوم حقیقی آزاد ہوتی ہے توخوشحال ہوتی ہے اور ملک ترقی کرتا ہے، حقیقی آزادی مارچ میں پوری قوم شرکت کرے اور دنیا کو پیغام دے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو پیغام دیں ہم حقیقی طور پر آزاد ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
بعد ازاں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرا قاتلانہ حملے میں بچنا مشکل تھا مگر محفوظ رہا جس پر اللہ کا شکر ادا کیا ،26سال پہلے سیاست میں آیا جب سے میر جان خطرے میں ہے ، میں نے مرنے کے خوف پر قابو پا لیا۔ انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ نے حملے کے بعد مجھے ٹی وی پر ہاتھ ہلاتے ہوئے دیکھا ، وہ سمجھیں کہ میں ٹھیک ہوں ، انہیں اندازہ نہیں تھا کہ مجھے گولیاں لگی ہیں ۔

متعلقہ خبریں