پنجاب

عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قانونی ٹیم نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی۔عمران خان کی قانونی ٹیم نے حفاظتی ضمانت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی، عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں دائر کی گئی۔
تھانہ منہ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس پر پیشی کے موقع پر حملہ کا مقدمہ دہشتگردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں عمران خان سمیت رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا تھا۔
قبل ازیں، عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور زمان پارک پہنچی جہاں وارنٹ گرفتاری دکھا کر نوٹس جمع کروائے گئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری کارروائی کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے گرفتار کرکے عمران خان کی 7 مارچ کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے رکھا ہے۔عدالت نے 28 فروری کو عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع دے رکھا تھا کیونکہ عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی جانی تھی۔ عمران خان نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ قرار دیا تھا۔
عمران خان نے ٹرائل کورٹ کو کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی استدعا کی تھی لیکن عدالت نے عمران خان کی عدالت منتقل کرنے کی استدعا مسترد کی تھی۔ عمران خان 28 فروری کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوئے تھے لیکن کچہری نہ گئے۔

متعلقہ خبریں