کراچی، گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن


کراچی (قدرت روزنامہ)عدالتی حکم پر کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ پولیس نے 5 مظاہرین کو حراست میں لے لیا جبکہ پتھر لگنے سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 11 میں عدالتی حکم پر انسداد تجاوزات سیل کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔کے ڈی اے حکام کے مطابق اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں کو وگزار کرا کے قبضہ الاٹیز کو دینا ہے، صدر مملکت کے پلاٹ پر ایک مکان اور دکان کی صورت میں قبضہ ہے۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 30 ایکڑ زمین تقریباً 2 ہزار پلاٹس سے قبضہ واہ گزار کروانا ہے، قبضہ شدہ زمین پر گھر، بلڈنگز، دکانیں اور دیگر پکی تعمیرات ہو چکی ہیں۔
20 سالوں سے یہاں مقیم ہیں، مظاہرین کا دعویٰ
دوسری جانب مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ 20 سالوں سے یہاں مقیم ہیں، انتظامیہ کی جانب سے آپریشن سے قبل آگاہ نہیں کیا گیا۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہے کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
پتھراؤ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ زخمی
گلستان جوہر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ رحمت شاہ مظاہرین کے پتھراؤ سے زخمی ہوئے، انہیں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔