سندھ

پی ٹی آئی ارکان کو سندھ اسمبلی آمد پر گرفتار کر لیا جائے گا: پولیس حکام


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کو سندھ اسمبلی آمد پر گرفتار کر لیا جائے گا۔سندھ اسمبلی کا آج ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے، اس حوالے سے سندھ اسمبلی کے تمام پاسز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔9 مئی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس 12 مئی تک ملتوی ہوا تھا، تاہم سیاسی صورتِ حال پر آج (11 مئی کو) ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔
حالیہ سیاسی صورتِ حال پر قائم مقام اسپیکر ریحانہ لغاری نے آج ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ہنگامی اجلاس کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو سندھ اسمبلی میں داخلے کے بعد باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔سندھ اسمبلی کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے مین گیٹ سے ممبرانِ سندھ اسمبلی کے سوا کسی کو اندر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔پولیس حکام کے مطابق سندھ اسمبلی کے اطراف ڈھائی سو سے زائد نفری تعینات ہے۔پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کو سندھ اسمبلی آمد پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں