سویڈن واقعے کے خلاف ملک بھر میں آج یوم تقدس قرآن منایا جا رہا ہے
اسلام آباد، لاہور، کراچی(قدرت روزنامہ) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کررہے ہیں۔
#یوم_تقدس_قرآن پر جہاں یہ بات ضروری ہے کہ قرآن مجید تحفظ کا عزم ہو وہیں پر اس سے کہیں زیادہ یہ بات ضروری ہے کہ ہم قرآن کو بطور نظام زندگی اختیار کرنے کا بھی عزم کریں کیونکہ مغربی دنیا کی قرآن سے دشمنی کا سبب قرآن کا بحیثیت نظام ہونا ہی ہے#BurningQuranIsTerrorism . pic.twitter.com/VL9rrmbuBT
— Pakistan Markazi Muslim League Hyderabad (@pmmlhyd) July 7, 2023
وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
#یومِ_تقدسِ_قرآن_پاکستان
لاہور الایمان ایجوکیشنل کمپلیکس کے زیراہتمام #حرمت_قرآن پروگرام چوبرجی چوک میں جاری#QuranIsOurRedLine pic.twitter.com/sKWWFkYYLK— Muhmmad Umar (@M_Umar_1) July 7, 2023
وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ معاملات حکومتی سرپرستی کے بغیر ہوتے تھے، اب سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام تمام کتب اور انبیا کے احترام کا حکم دیتا ہے۔ عوام سویڈن واقعے کے خلاف پرامن مظاہرے کے لیے نکلیں اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی اور نذرآتش کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے تحت کراچی پریس کلب پر اقلیتی برادری کے مظاہرےسےخطاب کررہےہیں ۔اس موقع پر کارڈینیئل جوزف کوٹس،یونس سوہن ایڈوکیٹ و دیگرموجود ہیں۔ pic.twitter.com/sH9Nhmm1s4
— Jamaat e Islami Karachi (@KarachiJamaat) July 7, 2023
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن منارٹی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔
دریں اثنا ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور ان کے مذہبی رہنماؤں نے سویڈن واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس سلسلے میں جاری بیانات میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات عمل میں نہ آئیں۔
ضلع مردان احتجاجی مظاہرہ سویڈن میں قرآنِ کی بے حرمتی کیخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا #قران_کی_بےحرمتی_نامنظور #PTIProtestOnFriday pic.twitter.com/1oSSftgXiv
— Sara Mir (@SaraMirGilgity) July 7, 2023
اُدھر گجرات میں سویڈن واقعے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شرکا نے سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی پلے کارڈ، بینرز اٹھا رکھے تھے۔
کراچی میں تاجر تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کے طور پر 2 گھنٹوں کے لیے کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں میں سویڈن واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے احتجاجی ریلی میمن مسجد سے ٹاور تک نکالی گئی جس میں شرکا نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔