سندھ

یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی، نگراں وزیر صنعت گوہر


کراچی (قدرت روزنامہ)نگراں وزیر صنعت گوہر اعجاز نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی۔
کراچی میں کاروباری برادری سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول سمیت تمام اشیاء کی مہنگائی ہوئی ہے۔


گوہر اعجاز نے کہا کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے، اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آگئی ہے، غیر قانونی طور پر باہر ڈالر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، ڈالر کی قیمت بڑھنےکی وجہ سے مہنگائی بڑھی، یہ نہیں ہو سکتا کہ 17 ڈالر کی گیس خرید کر 4 ڈالر میں دیں۔نگراں وزیر صنعت نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔