میئر کراچی نے مبارک ولیج میں سڑک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مبارک ولیج میں 5 کلو میٹر کی سڑک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ سندھ حکومت کا مشکور ہوں جنہوں نے فنڈز دیے، یہ روڈ منظور کیا، ہم میں سے کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ وسائل نہیں ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ دو رویہ سڑک کے درمیان برساتی پانی کے لیے نالہ بھی تعمیر کیا جائے گا، ہم سب کام کر رہے ہیں، یہ کینپ والی سڑک بھی ہماری حکومت نے بنائی تھی۔
میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ناصر بروہی ہوٹل سے مبارک ولیج تک کی سڑک یہاں کے مکینوں کی ضرورت تھی، ایک زمانے میں اس علاقے میں آنا مشکل تھا، ماڑی پور ٹرک اڈا ہو یا مبارک ولیج یہاں روڈ نام کی چیز نہیں تھی، گلبائی سے لیکر کینپ تک ہم نے سڑکیں بنائی ہیں اور ماڑی پور روڈ کو بھی ہم نے تعمیر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کریں گے، مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کو بھی ترقی دی جائے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے کہ ہر علاقے میں ترقیاتی کام یکساں بنیادوں پر ہو، جہاں جہاں کراچی والے بستے ہیں وہاں ہم کام کروا رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منوڑہ کے مقام تک بیچ وے بنایا، فشرمین کمیونٹی کے حالات بدلے ہیں، فشرمین کمیونٹی نے ہمیشہ ہماراساتھ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ مچھلی چوک والی سڑک جو کے ایم سی کی ہے وہ بھی بنانے جا رہی ہے۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ہم جب گفتگو کرتے ہیں تو مسائل کے حل کی نوید دے رہے ہوتے ہیں، یہ ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا، 120 نئی اسکیمز بنانے جا رہے ہیں، ابھی بلدیہ عظمیٰ نے ٹینڈرز کیے ہیں، ہمیں تنقید اور پریس کانفرنس کی سیاست نہیں کام کی سیاست چاہیے، علاقے کے بند آر او پلانٹ بھی بحال کیے ہیں، کچھ لوگ رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ان رکاوٹوں کوختم کریں گے۔
اس موقع پر انہوں نے حال ہی تعمیر ہونے والے جوہر انڈر پاس کو فلسطینی مظلوموں کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔