’خواتین خود کو مضبوط رکھیں کیونکہ مرد سانپ کی طرح ہوتے ہیں‘
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی نامور مارننگ شو ہوسٹ و اداکارہ نادیہ خان نے خواتین کو چند سبق آموز مشورے دیتے ہوئے انہیں محتاط رہنے کی تجویز دی ہے۔
حال ہی میں انہوں نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے ازدواجی زندگی کی ناکامی کے بعد بحیثیت خاتون اپنے تلخ تجربات کا تذکرہ کیا۔
شو میں نادیہ خان کے علاوہ دیگر اداکارؤں نے بھی شرکت کی جہاں خواتین کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی گئی۔
نادیہ خان نے اپنی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جب انسان ایک دفعہ گرتا ہے تو وہ دوبارہ گرتا ہے، جب خواتین کمزور پڑتی ہیں تو ان کے پاس بہت مرد آتے ہیں سہارا دینے کیلئے‘۔
انہوں نے خواتین کو نصیحت دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ کی علیحدگی ہوجائے تو آپ نے کسی کے آگے ہر گز نہیں رونا، اپنا غم کسی کو نہ بتائیں، مردوں سے کسی صورت اپنے دکھ نہ بیان کریں‘۔
انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین خود کو مضبوط رکھیں اور کسی بھی صورت کوئی خاتون کبھی کسی مرد کے آگے بالکل کمزور نہ پڑے، انہیں اپنے دل کا حال نہ بتائے، کیوں کہ ایسا کرنے سے وہ مرد ان کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ایسے مرد سانپ کی طرح ہوتے ہیں۔
نادیہ خان کا شمار پاکستان کی نامور میزبانوں میں ہوتا ہے، انہیں مارننگ شوز کی کوئین کہا جاتا ہے۔
نادیہ خان اب اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ چکی ہیں، ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کی اداکاری کو خوب سراہا جاتا ہے۔