’کراچی جیل نہیں ہے‘، حنا الطاف کے بیان پر ایمن خان اور منیب بٹ بول پڑے، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کرچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ نے اداکارہ حنا الطاف کے کراچی کو ’جیل‘ قرار دینے والے سابقہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ان کے مؤقف سے اختلاف کیا ہے۔

ایمن خان اور منیب بٹ ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف تقریبات میں شرکت کے ساتھ میڈیا سے بھی گفتگو کر رہے ہیں۔ اسی دوران دونوں فنکاروں سے حنا الطاف کے متنازع بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

حنا الطاف کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ایمن خان نے کہا کہ اب خواتین پہلے سے زیادہ بااختیار ہو رہی ہیں اور انہوں نے ذاتی طور پر کراچی میں کبھی ایسا محسوس نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ممکن ہے حنا الطاف کا ذاتی تجربہ ان سے مختلف رہا ہو۔

دوسری جانب منیب بٹ نے بھی حنا الطاف کے مؤقف سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کو جیل قرار دینے کے بیان سے متفق نہیں ہیں اور سندھ میں بھی اب بہتری اور ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ایمن خان اور منیب بٹ کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض صارفین نے دونوں فنکاروں کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کئی افراد نے ان کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مراعات یافتہ طبقے کی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بات کرنی چاہیے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ رویہ دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش محسوس ہوتا ہے جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ ایمن خان اور منیب بٹ کو اپنی مراعات یافتہ زندگی کا اعتراف کرنا چاہیے۔ بعض صارفین نے حنا الطاف کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات سے متعلق ان کا مؤقف درست تھا۔

حنا الطاف کے بیان اور اس پر ایمن خان و منیب بٹ کے ردِعمل نے ایک بار پھر کراچی میں امن و امان، خواتین کے تحفظ اور شہری زندگی کے مسائل سے متعلق بحث کو جنم دے دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert