بلوچستان میں دہشت گردی اور معاشی بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی و جمہوری ری سیٹ ناگزیر ہے: بلاول بھٹو زرداری
ایران اور افغانستان سے تجارت میں رکاوٹوں کا سب سے زیادہ نقصان بلوچستان کے عوام کو ہو رہا ہے، عمران خان سیاسی قیدی ہیں، وزرائے اعظم کو جیل بھیجنے کی روایت ختم ہونی چاہیے

کراچی / کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم دہشت گردی کے ساتھ ساتھ صوبے کو سنگین معاشی بحران کا بھی سامنا ہے جہاں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے بری طرح متاثر ہیں۔ کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت میں رکاوٹوں کا سب سے زیادہ نقصان بلوچستان کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور معاشی بحران جیسے بڑے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ملک میں سیاسی اور جمہوری ری سیٹ انتہائی ضروری ہے، کیونکہ جب تک سیاسی و جمہوری نظام پر عوامی اعتماد بحال نہیں ہوگا تب تک ان مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں۔ ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں؛ اگر ہر وزیراعظم پہلے اقتدار میں آئے اور پھر جیل جائے تو یا تمام وزرائے اعظم کو چور ماننا ہوگا یا انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو درپیش بعض مشکلات سیاسی مخالفین اور بعض اس کی اپنی غلطیوں کا نتیجہ ہیں، تاہم وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب کوئی وزیراعظم بنے تو اسے جیل نہ جانا پڑے، جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔
